رمضان المبارک مسلمانوں کے لیے محض عبادت کا ایک مہینہ نہیں بلکہ خود احتسابی، روحانی تربیت اور عملی اصلاح کا ایک سنہری موقع ہوتا ہے۔ تاہم یہ سوال ہر سال رمضان کے اختتام پر پھر سے ابھرتا ہے کہ: رمضان کے بعد ہم کہاں کھڑے ہیں؟
رمضان کا اصل مقصد وقتی جوش و جذبہ نہیں بلکہ مستقل تبدیلی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کے بعد بھی اللہ سے تعلق کو اسی تسلسل کے ساتھ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا: (واعبد ربك حتى يأتيك اليقين) يعنى:"اور اپنے رب کی عبادت کرتے رہو یہاں تک کہ تمہیں یقین (موت) آ جائے" (سورۃ الحجر: 99)
یہ آیت راستے کو واضح کرتی ہے؛ اللہ کے ساتھ تعلق کسی موسم کے ختم ہونے سے ختم نہیں ہوتا، نہ کسی مہینے کے گزرنے سے رک جاتا ہے، بلکہ جب تک دل دھڑکتا ہے اور زندگی باقی ہے، یہ تعلق جاری رہتا ہے۔
- رمضان کے بعد لوگوں کے حالات کا حقیقت پسندانہ جائزہ
اگر آپ رمضان کے بعد لوگوں کے رویوں پر غور کریں تو معلوم ہوگا کہ اصل امتحان رمضان میں نہیں بلکہ اس کے بعد شروع ہوتا ہے۔ رمضان کے دوران ایک سازگار ماحول میسر ہوتا ہے: مساجد آباد ہوتی ہیں، فضا ایمانی ہوتی ہے، دل عبادت کی طرف مائل ہوتے ہیں، لیکن اس کے بعد انسان کی سچائی اور حقیقت کھل کر سامنے آتی ہے۔
- وہ لوگ جو ثابت قدم رہتے ہیں
یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے رمضان کے پیغام کو سمجھ لیا۔ انہوں نے اسے ایک عارضی پڑاؤ نہیں بلکہ ایک نئی شروعات بنایا۔ وہ نماز پر قائم رہتے ہیں، قرآن کی تلاوت جاری رکھتے ہیں، اور خود کو پیچھے جانے نہیں دیتے۔ ممکن ہے رمضان کے مقابلے میں ان کی محنت کم ہو جائے، مگر وہ سلسلہ منقطع نہیں کرتے۔
عائشہ رضی اللہ عنہا نے بیان کیا : " کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا گیا کون سا عمل اللہ کے نزدیک زیادہ پسندیدہ ہے؟ فرمایا کہ جس پر ہمیشگی کی جائے، خواہ وہ تھوڑی ہی ہو " (صحیح بخاری و مسلم)
پس اصل استقامت کثرت میں نہیں بلکہ تسلسل میں ہے۔
- وہ لوگ جو موسم کے بعد پلٹ جاتے ہیں
یہ وہ لوگ ہیں جو رمضان میں عبادت گزار ہوتے ہیں، مگر رمضان کے ختم ہوتے ہی اپنی پرانی حالت کی طرف لوٹ جاتے ہیں، بلکہ کبھی اس سے بھی بدتر ہو جاتے ہیں۔ یہ حالت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ان کی عبادت مضبوط یقین پر مبنی نہیں تھی۔
بعض سلف نے کہا:"وہ لوگ بہت برے ہیں جو صرف رمضان میں ہی اللہ کو پہچانتے ہیں" یہ قول اس بات کی سخت تنبیہ ہے کہ اللہ کے ساتھ تعلق وقتی نہیں ہونا چاہیے۔
- وہ لوگ جو تذبذب کا شکار ہوتے ہیں
یہ ایک بڑی تعداد ہے، جو اطاعت کی خواہش اور کمزور ارادے کے درمیان زندگی گزارتی ہے۔ کبھی عبادت کی طرف مائل ہوتے ہیں اور کبھی سستی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اگر انہیں صحیح طریقہ مل جائے تو یہی لوگ سب سے زیادہ سیدھے راستے کے قریب ہو سکتے ہیں۔
- رمضان کے بعد سستی اور کمزوری کی وجوہات
عبادت میں سستی (فتور) اچانک کمزوری نہیں ہوتی، بلکہ یہ ایک تدریجی عمل اور کئی جمع شدہ اسباب کا نتیجہ ہوتی ہے۔ اسے چند پہلوؤں سے سمجھا جا سکتا ہے:
اول: عبادت کے حقیقی مفہوم کا غائب ہو جانا، جس کی وجہ سے عبادت محض ایک ظاہری عمل بن کر رہ جاتی ہے اور دل کی غذا نہیں بنتی۔
دوم: اندرونی جذبے کے بجائے بیرونی ماحول پر انحصار کرنا۔ یعنی جب ماحول سازگار ہوتا ہے تو عبادت ہوتی ہے، اور جب ماحول بدلتا ہے تو انسان کمزور پڑ جاتا ہے۔
سوم: رمضان کے بعد کے لیے کسی واضح منصوبے کا نہ ہونا۔ بغیر منصوبہ بندی کے روحانی استقامت برقرار نہیں رہتی۔
چہارم: دنیاوی مصروفیات میں اچانک مشغول ہو جانا اور پرانی عادات کی طرف واپس لوٹ جانا۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا: "اور اس عورت کی طرح نہ ہو جاؤ جس نے اپنا سوت مضبوط کاتنے کے بعد ٹکڑے ٹکڑے کرکے توڑ ڈالا"(سورۂ النحل: 92)
یہ مثال اس شخص کی کیفیت کو بہت خوبصورتی سے بیان کرتی ہے جو اپنی محنت سے بنائی ہوئی نیکیوں کو خود ہی ضائع کر دیتا ہے۔
- رمضان کے بعد ثابت قدمی کا عملی طریقۂ کار
- ترجیحات کی از سرِ نو ترتیب
انسان اس وقت تک عبادت پر ثابت نہیں رہ سکتا جب تک وہ اپنی زندگی کی ترجیحات کو دوبارہ ترتیب نہ دے۔ اپنی اللہ سے تعلق کو سب سے پہلے رکھیں، پھر باقی امور آئیں۔ کام یا مصروفیات کو عبادت چھوڑنے کا بہانہ نہ بنائیں۔
- نماز کی بروقت ادائیگی کی پابندی
نماز سچائی اور وابستگی کا پہلا معیار ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا: (إن الصلاة تنهى عن الفحشاء والمنكر) يعنى: "یقیناً نماز بے حیائی اور برائی سے روکتی ہے" (سورۂ العنكبوت: 45)
اور نبی کریم ﷺ نے فرمایا: "دین کی اصل اسلام ہے اور اس کا ستون نماز ہے" (یہ حدیث حسن صحیح ہے ، سنن ترمذی)
لہٰذا جس نے نماز کو ضائع کیا، اس نے باقی دین کو بھی کمزور کر دیا۔
- قرآن سے مسلسل تعلق قائم کرنا
قرآن کو موسمی مہمان نہ بنائیں بلکہ ہمیشہ کا ساتھی بنائیں۔اللہ تعالیٰ نے فرمایا: (إن هذا القرآن يهدي للتي هي أقوم) يعنى:"یقیناً یہ قرآن وه راستہ دکھاتا ہے جو بہت ہی سیدھا ہے " (سورۂ الإسراء:آیت 9)
اگر آپ روزانہ صرف دس منٹ بھی قرآن کے لیے مقرر کریں تو اس کا اثر دل اور کردار پر واضح ہوگا۔
- نوافل کا تسلسل
نوافل کمی کو پورا کرتے ہیں اور دل کو اللہ سے جوڑے رکھتے ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: " جس نے ماہِ رمضان کے اور پھر شوال کے چھ روزے رکھے، اس نے گویا سال بھر روزے رکھے " (صحیح مسلم)
اسی طرح تہجد کی نماز، چاہے ایک رکعت ہی کیوں نہ ہو، دل کو مضبوط کرتی ہے۔
- اعتدال اور تدریج اختیار کرنا
زیادہ جوش اکثر انسان کو چھوڑنے پر مجبور کر دیتا ہے۔ اسی لیے سلف کا طریقہ توازن تھا۔ عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے فرمایا: "بے شک یہ دین نہایت مضبوط ہے اس میں نرمی سے گھسا رہ" (مسند الشهاب)
لہٰذا کم سے آغاز کریں، اس پر ثابت رہیں، پھر آہستہ آہستہ اضافہ کریں۔
- خود احتسابی اور محاسبۂ نفس
بغیر محاسبے کے استقامت ممکن نہیں۔ عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے فرمایا: "اپنا حساب خود لے لو قبل اس کے کہ تمہارا حساب لیا جائے" ۔روزانہ چند منٹ نکال کر اپنی نماز، ذکر اور اعمال کا جائزہ لیں۔
- نیک صحبت کا انتخاب
ماحول انسان کے رویے پر گہرا اثر ڈالتا ہے۔ بعض سلف نے فرمایا: "سچے دوست خوشی میں زینت اور آزمائش میں سہارا ہوتے ہیں"۔ اس لیے ایسے لوگوں کی صحبت اختیار کریں جو آپ کو نیکی کی طرف لے جائیں، نہ کہ دور کریں۔
- رمضان کے بعد قبولِ اعمال کی علامات
قبولِ عمل ایسی چیز نہیں جو آنکھوں سے دیکھی جا سکے، لیکن اس کے اثرات سے اس کا اندازہ ہوتا ہے۔ اس کی چند اہم علامات یہ ہیں: عبادت پر استمرار، گناہ سے نفرت، اللہ کے قریب ہونے کا احساس ، اور خیر اور نیکی کی طرف رغبت ہیں۔ حسن بصری رحمہ اللہ نے فرمایا: "نیکی کی جزا یہ ہے کہ اس کے بعد ایک اور نیکی نصیب ہو" ۔ اگر آپ رمضان کے بعد خود کو رمضان سے بہتر حالت میں پائیں تو یہ خیر کی علامت ہے۔
- مسلمان کی زندگی میں حقیقی تبدیلی
رمضان صرف ایک وقتی دورانیہ نہیں بلکہ ایک گہرا روحانی تجربہ ہے، جس کا مقصد مستقل تبدیلی پیدا کرنا ہے۔ حقیقی تبدیلی صرف عبادات کی کثرت میں نہیں بلکہ ان کے معیار اور دل کی حاضری میں ہوتی ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا: "(قد أفلح المؤمنون الذين هم في صلاتهم خاشعون) يعنى: یقیناً ایمان والوں نے فلاح حاصل کرلی٭جو اپنی نماز میں خشوع کرتے ہیں" (سورۂ المؤمنون:آیت 1 ،2) پس اصل عبادت دل کی حضوری اور خشوع ہے۔
- دنیا اور آخرت کی حقیقت کو یاد رکھنا
ثابت قدمی میں سب سے بڑی مدد یہ ہے کہ انسان دنیا کی حقیقت کو پہچانے کہ یہ فانی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: (كل من عليها فان ويبقى وجه ربك ذو الجلال والإكرام) يعني:"زمین پر جو ہیں سب فنا ہونے والے ہیں٭صرف تیرے رب کی ذات جو عظمت اور عزت والی ہے باقی ره جائے گی (سورۂ الرحمن:آیت 26-27) جب یہ حقیقت دل میں بیٹھ جائے تو دنیا کی اہمیت کم ہو جاتی ہے اور اطاعت آسان ہو جاتی ہے۔
- توبہ اور تبدیلی میں تاخیر نہ کرنا
انسان کی بڑی غلطیوں میں سے ایک تاخیر اور ٹال مٹول ہے، وہ سمجھتا ہے کہ ابھی وقت بہت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: (وَتُوبُوا إِلَى اللَّهِ جَمِيعًا أَيُّهَ الْمُؤْمِنُونَ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ ) يعنى:" اے مسلمانو! تم سب کے سب اللہ کی جناب میں توبہ کرو تاکہ تم نجات پاؤ" (سورۂ النور: آیت 31)
لہٰذا ابھی سے آغاز کریں، کسی اگلے موقع کا انتظار نہ کریں۔
- ثابت قدمی ہی اصل کامیابی ہے
اصل کامیابی یہ نہیں کہ انسان زور دار آغاز کرے، بلکہ یہ ہے کہ وہ تسلسل کے ساتھ قائم رہے۔ بہت سے لوگ شروع کرتے ہیں مگر مکمل نہیں کر پاتے، جبکہ کچھ لوگ ثابت قدم رہ کر کامیابی حاصل کرتے ہیں۔ رمضان ایک موقع تھا، مگر آخری موقع نہیں۔ جب تک دروازہ کھلا ہے، راستہ باقی ہے۔
اصل سوال جو ہر شخص کو اپنے آپ سے سچائی کے ساتھ پوچھنا چاہیے: کیا میں رمضان کے بعد بدل گیا ہوں یا وہی پرانا انسان ہوں؟
اگر بہتری آئی ہے تو اللہ کا شکر ادا کریں اور ثابت قدم رہیں، اور اگر کمی رہ گئی ہے تو دوبارہ آغاز کریں، کیونکہ اللہ تعالیٰ تھکتا نہیں جب تک بندہ اکتا نہ جائے، اور وہ تھوڑے مگر سچے عمل کو بھی قبول فرما لیتا ہے۔